نازش ہماقاسمی جی بہترین مقرر، سنجیدہ گفتگو کرکے اپنی بات عوام الناس تک پہنچانے والا، نڈر، بے باک، ملنسار، ہنس مکھ، تیکھے نقوش والا ڈاکٹر کنہیا کمار ہوں، ہاں میں حکومت کی ناکامی پر اس سے سوال کرنے والا، فرقہ پرستی سے آزادی کا نعرہ دینے والا، بھگوائیوں کو خوف میں مبتلا کرنے والا،آئین کو بچانے کے لیے جدوجہد کرنے والا، اقلیتوں پر ہورہے مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے والا، حکومت کی ناکامی شمار کرانے والا، "بہار سے تہاڑ" کتاب کا مصنف، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی دہلی کا سابق طلبہ لیڈر اور بیگوسرائے سے بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کا لوک سبھا امیدوار کنہیا کمار ہوں۔ میری پیدائش جنوری ۱۹۸۷ میں بہار کے بیگوسرائے ضلع کے برونی گاؤں سے قریب تیگھرا حلقہ اسمبلی کے بہٹ گرام سی پی آئی کے گڑھ میں ہوئی۔ میں بھومی ہار ذاتی سے تعلق رکھتا ہوں، میرے والد کا نام جے شنکر سنگھ ہے جو فالج کے مریض ہیں اور کافی عرصے سے بستر علالت پر ہیں۔ میری والدہ کا نام مینا دیوی ہے جو آنگن واڑی میں کام کرتی ہیں اور وہاں سے ملنے والی قلیل آمدنی سے مجھے اس قابل بنایا کہ آج میں سینکڑوں نوجوانوں کے دلوں کی...